vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوآرک: امیگریشن حراستی مرکز کی دوبارہ بحالی کے خلاف احتجاج

0

نیوآرک(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر نیوآرک میں ڈیلینی ہال کو امیگریشن حراستی مرکز کے طور پر دوبارہ کھولنے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہے۔

حکام کے مطابق، یہ مرکز 2011 سے 2017 تک تارکین وطن کو رکھنے کے لیے استعمال ہوتا رہا، اب وفاقی معاہدے کے تحت دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ ڈیلینی ہال خطے کا سب سے بڑا حراستی ادارہ ہوگا، جس میں 1,000 سے زائد بستروں کی گنجائش ہے۔ مظاہرے میں 30 سے زائد مزدور، مذہبی اور تارکین وطن کے حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ‘‘تارکین وطن کہیں نہیں جا رہے‘‘ جیسے نعرے درج بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ عمارت کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ داخلی راستے پر گارڈز بھی تعینات رہے۔ نیوآرک کے میئر راس باراکا نے موقف اختیار کیا کہ یہ مرکز قانونی طور پر نہیں کھل سکتا جب تک کہ وہ شہر کی پراپرٹی سے متعلق ضوابط، معائنوں اور اجازت ناموں کو پورا نہ کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیوآرک میں امیگریشن حراستی مرکز کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ میک دا روڈ این جے کی نڈیا مورسی نے کہا کہ ڈیلینی ہال کے دوبارہ کھلنے سے غیر منصفانہ گرفتاریوں اور خاندانوں کی علیحدگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حراستی مرکز کی تاریخ بدسلوکی اور غفلت سے بھری ہوئی ہے اور اس کا دوبارہ کھلنا اسی روایت کو برقرار رکھنے کے مترادف ہے۔ احتجاج میں متعدد مقررین، بشمول منتخب حکام، شریک تھے، جو اس فیصلے کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.