نیوجرسی: اسکول بس الٹ گئی، 14 سالہ طالب علم شدید زخمی
نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کے گارڈن اسٹیٹ پارک وے پر ایک اسکول بس الٹ گئی۔ واقعے میں 14 سالہ طالب علم شدید زخمی ہو گیا۔
ماؤنٹ ویل کے میئر مائیک غصالی کے مطابق، حادثہ تقریباً 7:30 بجے جیمز گینڈولفینی سروس ایریا کے قریب پیش آیا جب بس نیویارک اسٹیٹ کی جانب رواں تھی۔ ریسکیو ٹیموں نے بس کے نیچے دبے زخمی طالب علم کو نکالنے کے لیے فوری کارروائی کی، جبکہ بس میں موجود دیگر 28 طلبہ اور دو نوجوانوں کو بھی بحفاظت باہر نکالا گیا۔ مجموعی طور پر 31 مسافروں میں سے 13 کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ بس ڈرائیور، 44 سالہ جوزف اِٹزکووٹز معمولی زخمی ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، بس یشیوا طلبہ کو نیو اسکوائر، نیویارک میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب میں لے جا رہی تھی۔ لیک ووڈ کے میئر رے کولز کے مطابق، تمام زخمیوں کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، لیکن ایک مریض تاحال زیر علاج ہے۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ نیو جرسی اسٹیٹ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔