امریکا سے ملک بدر غیر قانونی پاکستانیوں کے نام سامنے آگئے
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ امریکی جہاز مزید 8 تارکین وطن کو لے کر آئندہ ہفتے پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کی پالیسی پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے اور دیگر ممالک کے علاوہ بھارت کے ساتھ ساتھ امریکہ نے غیر قانونی طور پر سکونت پذیر پاکستانی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستانی غیر قانونی تارکین وطن کو لیکر دوسرا امریکی جہاز امکانی طور پر آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گا۔ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ امریکی جہاز میں 8 مزید پاکستانی غیر قانونی تارکین وطن ملک واپس پہنچیں گے۔ آئندہ ہفتے ڈی پورٹ ہونے والے صرف 2 پاکستانیوں کا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے۔ غیرقانونی طور پر مقیم ملک بدر کئے جانے والے افراد کی دستاویزات کے مطابق 6 پاکستانی شہریوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے، 2 پاکستانی شہریوں کا ریپ اور منشیات کا ریکارڈ ہے، غیر قانونی تارکین وطن میں رحمان، سلیم، نواز، سلمان، عظیم، خان، خالد مسیح بھی شامل ہیں۔ ان شہریوں کو خصوصی امریکی فوجی طیارے سے پاکستان کے نور خان ایئربیس پر پہنچایا جائے گا۔ قبل ازیں56 سالہ سید رضوی کو امریکا سے 25 فروری کو ملک بدر کیا گیا تھا۔