نیویارک میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی، ایڈمز کا شہر کو محفوظ اور خوشحال بنانے کا عزم
نیویارک(ویب دیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ 2025 کے ابتدائی دو مہینوں میں فائرنگ کے واقعات اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
میئر ایرک ایڈمز نے یہ بات میڈیا سے براہ راست گفتگو کے دوران کہی جہاں انہوں نے نیویارک سٹی میں جرائم کی شرح میں تاریخی کمی اور شہر کو محفوظ و خوشحال بنانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کے ابتدائی دو مہینوں میں فائرنگ کے واقعات اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ مجموعی جرائم کی شرح میں 15 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ میئر نے کہا سب وے سسٹم میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں روزانہ 4.6 ملین مسافروں کے باوجود جرائم کی شرح میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ گزشتہ ماہ سب وے میں جرائم کی شرح 15 فیصد کم رہی، جو لگاتار دوسرے مہینے ڈبل ڈیجٹ کمی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا فروری میں قتل کی شرح میں 32 فیصد، فائرنگ کے واقعات میں 21 فیصد، اور دیگر سنگین جرائم جیسے ڈکیتی، چوری، آٹو تھیفٹ حملوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ میئر ایڈمز نے کمشنر ٹِش اور پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 20,500 سے زائد غیر قانونی ہتھیاروں، 80 ہزار غیر قانونی گاڑیوں، موپڈز اور ڈرٹ بائیکس کو ضبط کیا گیا ہے۔ معاشی مواقع کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے میئر ایڈمز نے اعلان کیا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے طلبہ نے 18 ملین ڈالر کمائے ہیں، جبکہ فیوچر ریڈی این وائی سی پروگرام کے تحت 135 اسکولوں میں 15,000 طلبہ کو معاشی استحکام کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد نیویارک کو محفوظ، خوشحال اور کام کرنے والے افراد کے لیے مزید قابلِ برداشت شہر بنانا ہے۔