برونکس میں 15 سالہ طالب علم پر غیر قانونی طور پر سب وے ٹرین چلانے کا الزام
برونکس(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے برونکس میں 15 سالہ طالب علم کو متعدد بار سب وے ٹرین چلانے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق، ملزم نے کم از کم آٹھ مرتبہ غیر قانونی طور پر سب وے ٹرینوں کو آپریٹ کیا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ طالب علم پر حالیہ دنوں میں چھ مختلف مواقع پر سب وے سسٹم میں دراندازی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ملزم 25 جنوری کو بروکلین میں آر لائن ٹرین چلانے اور 18 فروری کو برونکس میں نمبر 2 ٹرین کے کنڈکٹر کیبن میں داخل ہونے کی کوشش میں ملوث پایا گیا تھا۔ اسکول میں داخلے کے دوران میٹل ڈیٹیکٹر کے سگنل بجنے پر سیکیورٹی حکام نے اس کی تلاشی لی، جس میں میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کا یونیفارم، ٹرانزٹ ریڈیو، ٹرین کی چابیاں اور ایک جعلی این ٹی اے شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ لیکن طالبعلم موقع سے فرار ہو گیا اور اپنا سامان وہیں چھوڑ دیا۔ پولیس نے بعد میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو برونکس میں ایک گھر سے گرفتار کر لیا۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔