ناساؤ کاؤنٹی:مساجد اور پولیس کے درمیان رابطہ موبائل ایپ کے ذریعے ہوگا
رمضان المبارک کی مناسبت سے ناساؤ کاؤنٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کے کمیونٹی افیئرز ڈویژن کے زیر اہتمام پولیس انٹیلیجنس اینڈ ٹریننگ سینٹر میں سالانہ پری رمضان سیفٹی میٹنگ منعقد ہوئی۔
دنیا بھر کی طرح امریکا میں بھی رمضان کی تیاریاں جاری ہیں،مسلم کمیونٹی کے اسلامک سینٹرز اور مساجد کی سجاوٹوں سمیت مسلم گھرانوںمیں بھی رمضان کی تیاریاں جاری ہیں ،اسی طرح پولیس ڈپارٹمنٹس بھی رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی تیاریاں کرتے ہیں مسلم مسجدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور باہمی روابط کو بڑھانے کے لئے ہر سال ناساؤ کاؤنٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام پری رمضان سیفٹی میٹنگ کا انعقاد کیا جاتا ہے ، ناساؤ پولیس انٹیلیجنس اینڈٹریننگ سینٹر گارڈن سٹی میں پری رمضان سیفٹی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا،جسکی میزبانی کے فرائض ناساؤ کاؤنٹی کمیونٹی افئیرز ڈویژن نے ادا کئے،تقریب کے مہمان خصوصی ناساؤ کاؤنٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کے کمشنر پیٹرک جے رائیڈر تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔بعد از تلاوت کمشنر پیٹرک جے رائیڈر نے مسلم کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ناساؤ کاؤنٹی میں بسنے والے تمام مذاہب کے پیروکار برابر حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی عبادت گاہوں کو مساوی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران ناساؤ کاؤنٹی پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے لیے کیے جانے والے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کا ذکر کیا گیا۔ ایک اسپیشل موبائل ایپ کا تعارف بھی کروایا گیا، جو اسلامک سینٹرز اور مساجد کے صدور اور نمائندوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس سے براہِ راست رابطے کی سہولت فراہم کرے گی، جس سے فوری مدد ممکن ہو سکے گی۔تقریب میں ناساؤ کاؤنٹی آفس آف ایشین امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی سمیت مختلف اسلامی مراکز اور مساجد کے صدور، علما، اور کمیونٹی رہنما بھی شریک ہوئے۔ عون نقوی نے اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹیو بروس بلیک مین اور کمشنر پیٹرک جے رائیڈر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسلم کمیونٹی کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناساؤ کاؤنٹی کو امریکہ کی محفوظ ترین کاؤنٹیز میں شامل کرنے کے لیے ان رہنماؤں نے انتھک محنت کی ہے، اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کو عبادات کے لیے پرامن ماحول فراہم کیا ہے۔تقریب کے اختتام پر کمیونٹی کے افراد کے لیے سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا، جس میں شرکا نے مختلف سوالات کیے۔ پولیس کمشنر نے وضاحت کی کہ کمیونٹی کے کسی بھی فرد کو کسی مسئلے کی صورت میں ناساؤ کاؤنٹی آفس آف ایشین امریکن افیئرز کے ڈائریکٹر عون نقوی سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ ان کے مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچائے جا سکیں۔تقریب کے اختتام پر لانگ آئی لینڈ یونائیٹڈ کے عاصم ملک کی جانب سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں کمیونٹی کے افراد، پولیس افسران، اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ناساؤ کاؤنٹی پولیس پریسنکٹ کے تمام کمانڈرز اور چیفس بھی موجود تھے، جنہوں نے کمیونٹی کے ساتھ باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔یہ میٹنگ مسلم کمیونٹی کے لیے تحفظ اور سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار تھی، جسے شرکا نے سراہا اور ناساؤ کاؤنٹی انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔