عدالت کا وفاقی ملازمین کی برطرفی عارضی طور پر روکنے کا حکم
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی عدالت نے وزارت دفاع سمیت سرکاری اداروں سے ملازمین کی بڑے پیمانے پر برطرفی عارضی طور پر روکنے کاحکم جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا کی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے سے روک دیا ہے۔ وفاقی عدالت کے جج نے پرسنل مینجمنٹ سے متعلق دفتر کو حکم دیا ہے کہ وہ پروبیشنری سرکاری ملازمین کی برطرفی سے متعلق 20 سے زائد اداروں کو جاری احکامات منسوخ کرے۔ جج نے کہا کہ کانگریس نے محکمہ دفاع سمیت مختلف اداروں کو اختیار دیا ہےکہ وہ ملازمین کوبھرتی یا برطرف کریں۔اس لیے پرسنل مینجمنٹ کے دفتر کو کسی صورت بھی یہ اختیار نہیں کہ وہ کسی دوسرے ادارے کے اہلکاروں کو نوکری دے یا فارغ کردے۔ امریکی وفاقی جج نے کہا کہ مختلف اداروں میں ملازمین کی برطرفی ممکنہ طور پر غیرقانونی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مختلف محکموں سے ہزاروں پروبیشنری ملازمین کو پہلے ہی نوکریوں سے نکالا جا چکا ہے۔ لیبریونین نے سان فرانسسکو کی عدالت سے استدعاکی تھی کہ ملازمین کے خلاف یہ اقدام ممکنہ طورپر غیر قانونی ہے۔ یونین کا کہنا تھا کہ ایسے ملازمین بھی فارغ کردیے گئے ہیں جن کے سینیئرز نے انہیں بہترین ملازم قرار دیا تھا۔