نیوجرسی کے ایک گھر میں آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق
نیوجرسی(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کی برلنگٹن کاؤنٹی کے ایک گھر میں آگ لگ گئی۔ واقعے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
فرینکلن فائر پولیس چیف ہربرٹ ڈوبیل جونیئر کے مطابق، یہ واقعہ صبح 1:30 بجے مین فیلڈ ٹاؤن شپ میں ویگن وہیل سرکل کے 300 بلاک میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق تیز ہوا کے باعث آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے قریبی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس سے دو گھروں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ قریبی گھروں کو معمولی نقصان ہوا اور وہاں کے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ فائر فائٹرز موقع پر پہنچے تو گھر پہلے ہی شدید آگ کی لپیٹ میں تھے، جس کے بعد ایمرجنسی الرٹ کو دو سے تین درجے تک بڑھا دیا گیا۔ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے بعد متاثرہ گھر سے دو افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔