چودھری سرور کی صاحبزادی عروسہ سرور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی اور کاروباری شخصیت چوہدری سرور کی صاحبزادی عروسہ سرور شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
چودھری سرور کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور پارہ ِ جگر،عروسہ سرور ، محمد مظہر الدین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھیں تو لانگ آئی لینڈ کے مقامی ہال میں رشتہ دار، عزیز و اقارب اور دوست احباب دعاوں کے سائے میں رخصت کرنے چلے آئے۔شادی کی تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔چودھری سرور نے مہمانوں سے گفتگو میں کہا کہ اولاد کی پیدائش سے لے کر ان کی شادی کا فریضہ ، والدین کے لیے صرف زمہ داریاں نہیں بلکہ امتحان ہوتی ہیں۔شادی میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان اور صحافیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عروسہ سرور اور محمد مظہرالدین کے ساتھ ان کے والدین اور مہمانوں نے تصویریں بنوائیں ۔آخر میں چودھری سرور نے تمام مہمانوں سے ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر دونوں خاندانوں کے لیے خوشیوں کی بہار اور دولہا دلہن کی زندگی کے نئے سفر کی کامیابی کے لیے دعا بھی کروائی گئی۔