نیویارک: محمد حسین انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ہوگی
نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت محمد حسین رضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے۔انھیں آج نیوجرسی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
بروکلین میں پاکستانی کمیونٹی کی ہردلعزیز شخصیت اور مشکل وقت میں بلا تفریق لوگوں کے کام آنے والے محمد حسین رضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے۔مرحوم کا کھیلوں کے سامان کا اسٹور تھا اور کرکٹ کے بارے میں بہت تاریخی معلومات رکھتے تھے۔ محمد حسین نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں 2007 میں یوتھ کرکٹ لیگ کے قیام میں پاکستانی نژاد پولیس افسران کی بھی بہت مدد کی ، صرف یہی نہیں بلکہ مشکل میں گھرے کمیونٹی کے کئی نوجوانوں کے ساتھ بھی بہت تعاون کیا، بلا تفریق انسانیت کی خدمت کے لیے ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم محمد حسین کی نمازِ جنازہ آج (پیر ) 10 جنوری کو بعد نمازِ ظہر نیپچون ایونیو پر واقع مسجدِ عمر میں ادا کی جائے گی اور بعد ازاں نیوجرسی کے مارلبورو مسلم میموریل سیمیٹری (قبرستان ) میں سپرد ِ خاک کیا جائے گا۔محمد حسین کے انتقال پر پاکستانی کمیونٹی کی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور بلندی ِ درجات کے لیے دعا بھی کی ہے۔