ایڈمز کا 500 ملین ڈالر کے ترقیاتی منصوبے کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے دیگر حکام کے ساتھ مل کر شہر میں اقوام متحدہ پلازا کے لیے 500 ملین ڈالر کے بڑے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
یہ منصوبہ میئر ایرک ایڈمز، گورنر کیتھی ہوکل اور اقوام متحدہ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے۔ جس کا مقصد معاشی ترقی کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے قریب ایک جدید کاروباری مرکز قائم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 1,800 سے زائد نئی نوکریاں پیدا ہونے کی توقع ہے، جو مقامی رہائشیوں اور کاروباروں کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ اس منصوبے میں جدید تجارتی دفاتر، عوامی سہولیات، اور کاروباری مراکز شامل ہوں گے جو نیویارک سٹی کی بین الاقوامی تجارتی اور سفارتی حیثیت کو مزید مستحکم کریں گے۔ میئر نے کہا یہ منصوبہ نیویارک کی معیشت کو بحال کرنے کے لیے ایک بنیادی ستون ثابت ہوگا اور شہر میں نئے تجارتی مواقع پیدا کرے گا۔ ساتھ ہی اس منصوبے کا ایک اہم مقصد شہر میں عالمی معیار کی کاروباری سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ نیویارک بین الاقوامی کاروباری مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر سکے۔