نیویارک:پاکستانی کشمیری شخص کی میت 40 روز سے تدفین کی منتظر
نیویارک میں مقیم پاکستانی کشمیری کمیونٹی کے راجہ صغیر حسین کی تجہیز و تکفین کی تیاری شروع کردی گئی۔ مرحوم چالیس روز قبل انتقال کرگئے تھے ۔
میر پور آزاد کشمیر سے تعلق ر کھنے والے بروکلین میں رہائش پذیر انہتر سالہ راجہ صغیر حسین گزشتہ مہینے طبعیت خرابی کے باعث مقامی اسپتال گئے اور انتقال کر گئے۔ مرحوم کا کمیونٹی میں میل جول بہت کم تھا ا س لیے ان کے انتقال کی کسی کو خبر تک نہ ہوسکی۔مرحوم کی پاکستان میں مقیم فیملی نے الریان مسلم فیونرل سروسز سے رابطہ کرکے بتایا کہ گزشتہ ماہ طبیعت خرابی کے بعد سے راجہ صغیر حسین سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا، الریان کی انتطامیہ نے جب معلومات حاصل کیں تو یہ افسوس ناک اطلاع ملی کہ راجہ صغیر حسین بائیس دسمبر کو انتقال کر گئے تھے اور تب سے ان کی میت نیویارک سٹی کے سرد خانے میں رکھی ہےاور تدفین کی منتظر ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کی مرحوم کی اہلیہ اور بیٹی برطانیہ میں مقیم ہیں ۔ الریان مسلم فیونرل سروسز نے شہری حکومت کے محکمے کو میت وصول کرنے کی درخواست دے دی ہے ۔میت موصول ہونے کے بعد مرحوم راجہ صغیر حسین کی میت کو الریان فیونرل سروسز میں غسل کفن دیا جائے گا اور کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد میں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ امکان ہے کہ مرحوم کو نیوجرسی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔