پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت بڑھانے کی بہت گنجائش ہے، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی
نیویارک میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور تجارت و سرمایہ کاری کے قونصل عدنان محمود اعوان نے نیوجرسی میں پاکستانی نژاد اسمبلی وومن شمع حیدر سے ملاقات کی۔۔
قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور عدنان محمو داعوان نے اس دورے کے دوران نیوجرسی سے منتخب پہلی پاکستانی نژاد اسمبلی وومن شمع حیدر اور مقامی کاروباری نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مقامی سطح پر تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیا ل ہوا۔قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کا خلاصہ پیش کیا ، ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ابھی بہت سے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے جس سے پاکستانی اور نیوجرسی کے کاروباری حلقے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔اس موقع پر تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر عدنان محمود نے پاکستان م میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ دی ،ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی، زراعت، کان کنی اور سیاحت کے شعبوں پرسرمایہ کاری کی جائے تو بہت فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے گیٹ وے کے طور پر اس کے اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس اسٹیٹس اور چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے ایف ٹی اے سمیت اس کے ترجیحی تجارتی معاہدوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔