کورونا کی امداد، 1 ملین امریکیوں کو 2.4 ارب ڈالر کی منتقلی شروع
ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ 1400 ڈالر منتقل کیے جائیں گے،کلیم کی آخری تک 25 اپریل مقرر
نیویارک / ویب ڈیسک: انٹرنل ریونیو سروس کے مطابق یہ ادائیگیاں (اسٹیمولس پیمنٹ) تقریبًا ایک ملین ایسے ٹیکس پیئرز کو کی جارہی ہیں جنھوں نے 2021کے اپنے ٹیکس ریٹرن میں اس امداد کے حصول کا تقاضا نہیں کیا تھا۔آئی آر ایس کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں 1 ملین ٹیکس دہندگان کے لیے 2.4 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے ایک (ٹیکس پیئر) فرد کو زیادہ سے زیادہ 1400 ڈالرز منتقل کیے جائیں گے ۔آئی آر ایس کا کہنا ہے کہ انھوں نے یہ فیصلہ اپنے ٹیکس فائلرز کے ڈیٹا کے تجزیہ اور جانچنے کے بعد کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 2021 میں کئی ٹیکس دہندگان نے اپنے ریٹرن تو جمع کروائے تھے لیکن حکومت کی طرف سے واجب الادا رقم کے لیے کلیم نہیں کیا۔ایسے افراد جنھوں نے ابھی تک ٹیکس ریٹرن اور کلیم جمع نہیں کروایا وہ 25 اپریل تک اپنی درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں ۔ انٹرنل ریونیو سروس کے مطابق ٹیکس پیئر ز کو یہ رقم ان کے اکاونٹ میں یا پھر بذریعہ چیک جنوری کے آخر تک موصول ہوجائے گی۔