vosa.tv
Voice of South Asia!

ایل اے میں لگنے والی آگ سے ہالی ووڈ ہل خطرے میں پڑ گئی

0

آگ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ،کاروباری اداروں بینکوں اور گھروں کو لپیٹ میں لے چکی ہے ،ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے،ایمرجنسی بدستور نافذ،ملٹری پولیس بھی طلب

لاس اینجلس (ویب ڈیسک) جنوبی کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔آگ کے باعث  کم از کم پانچ افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور متعدد زخمی ہوئے۔آگ پر قابو پانے کے لیے7ہزار5سو فائر فائٹر دن رات کام کررہے ہیں۔اب ہو یہ رہا ہے کہ مختلف علاقوں میں آگ بھڑک اٹھتی ہے جس سے فائر فائٹر کو ان علاقوں میں بھی جانا پڑ رہا ہے ۔جنوبی کیلیفورنیا میں جنگل کی آگ کی ایمرجنسی میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں کیونکہ عملہ   ابھی تک آگ سے لڑرہا ہے۔ایل اے میں نئی آگ بھڑک اٹھی ہے جس میں شدت آتی جارہی ہے ۔اس آگ سے ہالی ووڈ ہل بھی خطرے میں پڑ گئی ہے جو ڈولبی تھیٹر اور ہالی ووڈ واک آف فیم جیسے مقامات سے زیادہ دور نہیں ہے۔ابھی یہ معاملہ تھما نہیں ہے تو حکام نے پیشگوئی کی ہے کہ جمعہ کی سہ پہر سے 40 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار ہوائیں چلیں گی جو کہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔ہوائیں  پہاڑوں  پر 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی ۔جنوبی کیلیفورنیا کے لیے نسبتاً نمی5فیصد تک گر سکتی ہے۔ جنوبی کیلیفورنیا میں1لاکھ30ہزار سے زائد افراد کاانخلاء ہوچکا ہے۔آگ نے گروسری اسٹورز اور بینکوں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے ۔محل اورحویلیاں بھڑکتے ہوئے انگاروں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔کیلیفورنیا نیشنل گارڈ نے 600 سے زائد سروس ممبران کو فعال کیا جسے بڑے پیمانے پر ردعمل کہا جا رہا ہے۔ملٹری پولیس  کو ہنگامی صورتحال کی وجہ سے طلب کرلیا ہے۔ ملٹری پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فائر فائٹرز کی مدد کر رہی ہے۔ابھی تک نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا جاسکا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.