
ایف بی آئی کو جبار کے داعش سے براہ راست رابطے کے شواہد مل گئے
بنیاد پرستی عمل کی تحقیقات پہلی ترجیح،حملہ آور نے 2023 میں تقریباً ایک ماہ کے لیے مصر کا سفر کیا،تحقیقاتی ٹیم کا مصر جانے کا فیصلہ،مزید غیر ملکی سفر کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
نیو اورلینز: سال نو کی تقریب کے دوران دن نیو اورلینز میں 14 افراد کو جاں بحق جبکہ درجنوں کو زخمی کرنے والے حملہ آور شمس الدین جبار کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ایف بی آئی کو ابتدائی تحقیقات کے دوران شواہد ملے ہیں جس سے معلوم ہوا کہ جبار داعش سے براہ راست رابطے میں تھا ۔بظاہر داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن تفتیش کار اب بھی اس کے تین فون اور دو لیپ ٹاپ پر کام کررہے ہیں اور اس کے غیر ملکی دورں کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے۔ایف بی آئی کو معلوم ہوا کہ حملہ آور شمس الدین جبار نے2023میں تقریبا ایک ماہ کے لیے مصر کا دورہ کیا تھا ۔ایک تحقیقاتی ٹیم نے ملنے والے شواہد کی بناء پر مصر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔جہاں پر تعین کیا جائے گا کہ جبار کیوں مصر آیا،کہاں پر ٹھہرا تھا اور کس کس سے ملاقاتیں کی تھی۔ تحقیقات کا اہم پہلو یہ ہے کہ آیا اسے سفر سے پہلے بنیاد پرست بنایا گیا تھا یا بعد میں بنا تھا۔ تفتیش کاروں کی توجہ بنیاد پرستی کی طرف جانے والے راستے اور ان واقعات پر مرکوز ہے جس کی وجہ سے حملہ آور بوربن اسٹریٹ پر حملہ کرنے پہنچا ۔