نیویارک میں پاکولی کا سالانہ ڈنر،کمیونٹی کی بھرپور شرکت
نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکولی کے زیر اہتمام نیویارک میں سالانہ ڈنر منعقد ہوا،موسیقی اور تفریح سے بھرپور تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں تنظیم پاکستان امریکن کمیونٹی آف لانگ آئی لینڈ نیو یارک کے زیر اہتمام سالانہ ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
یہ تقریب موسیقی، مزاح اور ثقافتی رنگوں سے مزین تھی، جس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔تقریب کی ابتدائی نظامت کے فرائض پاکولی کے جنرل سیکرٹری عاصم ملک نےاداکئے بعد ازاں یہ ذمہ داری ڈائریکٹر کاشف ادریس نے سنبھالی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز عثمان عباس کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔سنئیر وائس پریذیڈنٹ عتیق قادری نے تنظیم کی ۲۰۲۴ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں پاکستان کے نائب قونصل جنرل عمر شیخ نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پاکولی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم نہ صرف کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش ہے بلکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔پاکولی کے بانی قمر بشیر نے نیویارک میں سماجی کاموں کے 50سال مکمل ہونے پر فخر کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی کمیونٹی کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔بشیر قمر کی اہلیہ تسنیم قمر نے کہا کہ پاکولی ایک شجر ہے اور آپ سب اسکے ساتھ جڑے رہیں ہم پانی کا وہ قطرہ ہیں جو سمندر بن جائیں گے۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے تنظیم کے صدر ہمایوں شبیر کا کہنا تھا کہ اس گلدستے کو سجانے کا سہرا تنطیم کے بانی قمر بشیر کے سر جاتا ہے جو پاکولی کا حصہ رہنے والوں کی آج بھی سر پرستی کررہے ہیں اور انکا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔تقریب میں شریک کمپٹرولر عزرہ ڈار نے ویمن امپاورمنٹ پر پاکولی کی قرداد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ پاکولی سلمان شیخ نے پاکستان میں پاکولی کے زیر سر پرستی چلنے والے ایلیمنٹری اسکول کی تفصیلات سے آگاہ سے کیا۔تقریب کے اختتام پر حاضرین نے پاکولی کی کاوشوں کی تعریف کی اور آئندہ بھی اس قسم کے پروگراموں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران کرسمس پارٹی کے موضوع پر ایک مزاحیہ خاکہ بھی پیش کیا گیا، جس میں جمال محسن اور طاہرہ شریف کی شاندار پرفارمنس نے حاضرین کے دل جیت لیے۔تقریب میں موسیقی کے شاندار پروگرام میں مشہور گلوکاروں نے اپنی پرفارمنس سے سماں باندھ دیا۔ گلوکار حسن عباس نے مشہور گلوکارہ ریشماں کے انداز کو اپنات ہوئے ان کا گانا گایا۔ یہ تقریب نہ صرف پاکستانی ثقافت کے فروغ کا مظہر بنی بلکہ کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی شاندار مثال بھی تھی۔