پاکستانی نژاد ڈاکٹر محمد خالد نیویارک پولیس کے سی سی آر بی سربراہ مقرر
نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد خالد کو نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور ملازمین کے خلاف کسی بھی قسم کی شکایت پر جوابدہی کرنے والے ادارے ”سویلین کمپلیٹ ریویو بورڈ کا چئیرمین مقرر کر دیا ہے۔ ڈاکٹر محمد خالد پہلے پاکستانی امریکن ہیں کہ جو اس اہم ترین عہدے پر تعینات ہوئے ہیں۔ نیویارک سٹی کونسل کی جانب سے تائید کے بعد تقرری کی توثیق ہو جائے گی۔ڈاکٹر محمد خالد سابق مئیر مائیکل بلوم برگ کے دور میں ”سی سی آر بی “ کے کمشنر رہے ہیں اور اب انہیں اہم ترین ادارے ”سی سی آر بی “ کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر خالد کا کہنا ہے کہ سولین کمپلینٹ ریویو بورڈ کے عبوری چیئرمین کے طور پر مقرر ہونا ان کےلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ڈاکٹر محمد خالد نے میئر ایڈمز اور سٹی کونسل کی اسپیکر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اور وہ چیئرمین کے فرائض کو بخوبی انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ انصاف پر مبنی تعلقات کو برقرار رکھیں گے۔ڈاکٹر خالدکو سابق گورنر جارج پٹاکی نے نیویارک اسٹیٹ کی مائنورٹی ہیلتھ کونسل میں چھ سال کے لیے بھی مقرر کیا تھا۔ ڈاکٹر خالد 1972میں 23 سال کی عمر میں پشاورسے نیویارک آئےاور یہاں بطور ڈینٹسٹ خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ میئر ایرک ایڈمز نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر محمد خالد شہری سرگرمیوں کے تجربے اور سی سی آر بی میں سابقہ خدمات کے باعث اس عہدے کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔