
چاول کی برآمدات میں پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک
جدہ(نمائندہ خصوصی)پاکستان اس وقت دنیا میں چاول ایکسپورٹ کرنیوالا چوتھا بڑا ملک ہے جس کا عالمی مارکیٹ میں شیئر 8.5فیصد ہے۔پاکستان میں چاول کی سالانہ پیداوار 90لاکھ ٹن ہے جس میں 45لاکھ ٹن باسمتی جبکہ باقی دیگر اقسام ہیں۔ یہ بات جدہ میں پاکستان انوسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود نے رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک فیصل جہانگیر کے اعزاز میں تقریب میں کہی۔چوہدری شفقت محمود کا کہناتھا کہ اس وقت انڈیا 78فیصد اور پاکستانی چاول کی مارکیت سعودی عرب میں 7.8پرسنٹ ہے، جبکہ سعودی عرب پاکستانی باسمتی چاول کی پوٹینشل مارکیٹ ہوسکتی ہے، وفد کے سربراہ ملک فیصل جہانگیر نے چاول کی برآمدات میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول کی برآمدات پہلی بار 3 ارب 89 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجہ سازگار موسمی حالات، خام مال کی دستیابی اور نان باسمتی چاول کی برآمد پر بھارتی پابندی تھی،ملک فیصل جہانگیر کا کہنا تھا کہ وہ ہدف حاصل کرنے کے لیے بیج کی تحقیق اور اچھے زرعی طریقوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔سعودی عرب میں چاول کے امپورٹر فضل میمن نے شرکاء کے سامنے اہم تجاویز پیش کیں اور بتایا کہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں پاکستانی چاول کی مانگ بہت زیادہ ہے تاہم پاکستان میں ایکسپورٹرز کو سہولیات فراہم کرنے اور طریقہ کار کو آسان تر بنانے کی ضرورت ہے مہمان خصوصی کمرشل اینڈ ٹریڈ ڈیویلپمنٹ قونصلر سعدیہ خان نے سعودی مارکیٹ میں پاکستانی تاجروں کو قونصلیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات مضبوط ہوں گے اور برآمدات کے ذریعے معیشت و زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔