تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر ٹرکی،چکن اور دیگر اشیاء تقسیم
نیو یارک(ویب ڈیسک) اسٹوریا میں پاکستانی و بنگالی نژاد خواتین نے تھینکس گیونگ ڈے پر ٹرکی،چکن اور دیگر اشیاء تقسیم کیں۔
نیو یارک کوئنز کے علاقے اسٹوریا میں نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیراہتمام تھینکس گیونگ ڈے کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کے سفیدپوش افراد کے لیے ٹرکی سمیت مختلف اشیائے خوردونوش تقسیم کی گئیں۔پروگرام کا آغاز سائرہ پروین کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جنہوں نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے تقریب کے دوران تنظیم کے مقاصد اور فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، جبکہ چیئرپرسن راحیلہ اسلم نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ایسے مزید فلاحی پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیراہتمام تھینکس گیونگ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات سمیت متعدد افراد نے شرکت کی۔ پروگرام میں ناہیدبھٹی ،شہنازپروین، بنگلہ دیشی کمیونٹی لیڈرسارہ پروین ،اورطاہرہ نونار،روبینہ صفدر سمیت کمیونٹی کی دیگر خواتین بھی بڑی تعدادمیں موجودتھیں۔ تقریب کے دوران سفید پوش افراد میں نہ صرف تھینکس گیونگ ڈے کی مناسبت سے راشن تقسیم کیا گیا بلکہ خصوصی کھانوں سے شرکاء کی تواضع بھی کی گئی۔حاضرین نے تنظیم کی اس کاوش کو خوب سراہا اور اسے کمیونٹی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔