امریکن کونسل آف منارٹی وومن اور اسلامک ریلیف یو ایس اے نے یوم تشکر ڈے کو یادگار بنادیا
اپنے چوتھے یوم تشکر ڈے پر ضرورت مند خاندانوں کی مدد کرکے لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں
نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک میں امریکن کونسل آف منارٹی وومن نے اسلامک ریلیف یو ایس اے کے ساتھ مل کر اپنا چوتھا تھینکس گیونگ ڈے منایا۔کم و بیش پانچ سو خاندانوں میں حلال ٹرکی تقسیم کرکے سب کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر امریکن کونسل آف منارٹی وومن نے پاٹنر اسلامک ریلیف یو ایس اے کے ساتھ مل کر چوتھے سالانہ تھینکس گیونگ ڈے کی ابتداء تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت ِ رسول مقبول ﷺ سے کی۔سرد موسم میں سفید پوش مردو خواتین کی کثیر تعداد قطاروں میں جمع ہوئی۔اے سی ایم ڈبلیو کی ٹیم ممبران اور والنٹیئرز نےسب کو تھینکس گیونگ ڈے کا خصوصی تحفہ پیش کیا۔اس موقع پر امریکن کونسل آف منارٹی وومن کی چیئر پرسن بازہ روحی اور اسلامک ریلیف یو ایس اے کے کوآرڈینیٹر ابراہیم بخاری کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس کی مخلوق کی مدد اور خدمت کی جائے۔ٹرکی فوڈ ڈرائیو میں ڈسٹرکٹ اٹارنی ایرک گونزا لیز بھی پہنچے جبکہ ان کے دفتر کی رکن نینسی لولو اور شہر کے کمپٹرولر بریڈ لینڈر کے نمائندے بھی شریک ہوئے،ان سب نے مل کر اے سی ایم ڈبلیو کے رضا کاروں کا ہاتھ بٹایا اور ضرورت مندوں میں حلال ٹرکی تقسیم کیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ موجود حالات میں تارکین وطن مشکلات میں گھرے ہیں لیکن ہم کی مدد کرتے رہیں گے۔تھینکس گیونگ ڈے پر اس کارِ خیر کی تقریب میں کاروباری وسماجی شخصیت سلمان ظفر بھی پیش پیش رہے جبکہ نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کی طرف سے ان کے نائب کاشف حسین نے نمائندگی کی اور امریکن کونسل آف منارٹی وومن کو سرٹیفکیٹ پیش کیا۔اے سی ایم ڈبلیو کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ سولہ سال سے کمیونٹی کی بلا تفریق رنگ و نسل کے خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔کوشش رہے گی کی سماجی سرگرمیوں کو مزید اضافہ کیا جائے۔