نیویارک میں میئر زوہران ممدانی نے اعلان کیا ہے کہ مئی کا پورا مہینہ “چائلڈ کیئر ایجوکیٹر اپریسی ایشن ماہ” کے طور پر منایا جائے گا تاکہ بچوں کی دیکھ بھال اور ابتدائی تعلیم فراہم کرنے والے اساتذہ اور ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے جو شہر بھر میں ہزاروں خاندانوں کے لیے بنیادی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
میئر کے مطابق یہ اقدام نیشنل پرووائیڈر اپریسی ایشن ڈے کو ایک ماہ کی سطح تک وسعت دینے کے مترادف ہے تاکہ بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے اساتذہ کے کردار کو مزید اجاگر کیا جا سکے اور انہیں مستقبل میں یونیورسل چائلڈ کیئر نظام کا اہم حصہ تسلیم کیا جائے۔میئر ممدانی نے کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال کا نظام ان اساتذہ کے بغیر ممکن نہیں جو روزانہ بچوں کی تربیت اور دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر شہر واقعی یونیورسل چائلڈ کیئر نظام قائم کرنا چاہتا ہے تو اس میں ان اساتذہ کو صرف سراہنا نہیں بلکہ فیصلہ سازی کے عمل میں بھی شامل کرنا ضروری ہے۔نیویارک میں 10 ہزار سے زائد لائسنس یافتہ چائلڈ کیئر پروگرامز کام کر رہے ہیں جن میں زیادہ تر چھوٹے مراکز ہیں جو خواتین، خصوصاً رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والی خواتین کے زیرِ انتظام ہیں۔ یہ مراکز روزانہ لاکھوں بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں جس سے والدین کو ملازمت جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔اس موقع پر شہر کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں چائلڈ کیئر اساتذہ کے کام کو دکھایا گیا ہے۔