نیویارک میں پشتون کلچرل ڈے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
خیبر سوسائٹی آف امریکا کے زیرِ اہتمام نیویارک میں سالانہ پشتون کلچرل ڈے جوش وخروش سے منایا،نیویارک پولیس میں پاکستانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر مصباح نور سمیت پشتون کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات اور ادب دوست افراد کی کثیر تعداد شرکت،ثقافتی تقریب میں پشتون گیتوں نے محفل کا لطف دوبالا کردیا
نیویارک(بیورو رپورٹ )خیبر سوسائٹی آف امریکا نے نیویارک میں اپنا پشتون کلچرل ڈے بھرپور جوش و خروش سے منایا۔ پشتون گیتوں نے محفل کا لطف دوبالا کردیا۔کمیونٹی سروسز پر کئی شخصیات کو ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔خیبر سوسائٹی آف امریکا کے زیرِ اہتمام نیویارک میں سالانہ پشتون کلچرل ڈے کی ابتداء پروردگار کے بابرکت ذکر سے ہوئی،نظامت کے فرائض سوسائٹی کے سیکریٹری محمد ناصر نے انجام دئیے اور نثارخان نے تلاوت کا شرف حاصل کیا۔ثقافتی دن کی تقریب میں نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کی رکن مشعل سولاجز اور پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے،مہمانوں کی آمد پر انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پشتون کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی، آغاز پر امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔خیبر سوسائٹی آف امریکا کے صدر زمان خان آفریدی نے اسمبلی وومن مائیکل سولاجز کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی،کمیونٹی سروسز پر خراج تحسین پیش کیا،اپنی تنظیم کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور سماجی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں نیویارک پولیس میں پاکستانی نژاد ڈپٹی انسپکٹر مصباح نور سمیت پشتون کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیات اور ادب دوست افراد کی کثیر تعداد شریک تھی ۔مہمان ِ خصوصی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خیبر سوسائٹی کی کمیونٹی سروسز کو سراہتے ہوئے اسے روشن چراغ سے تعبیر کیا جبکہ اسمبلی وومن مائیکل سولاجز کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے ووٹرز کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور یہ تعلق آئندہ بھی قائم رہے گا۔اس موقع پر خیبر سوسائٹی امریکا نے کمیونٹی سروسز اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈ تقسیم کیے۔تقریب میں خیبر سوسائٹی آف امریکا کی خواتین ونگ کی صدر ذکیہ نورین نے شرکاٗء سے خطاب میں کہا کہ پشتونوں کے بارے میں منفی رجحانات رکھنے والوں کو ہماری تاریخ کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے،اس موقع پر انہوں نے روزگار پروگرام کی اہمیت بھی اجاگر کی۔قبل ازیں پشتون کلچرل ڈے میں شریک کریگ نیویارک گریجویٹ اسکول آف جرنلزم کے کمیونی کیشن ڈائریکٹر جہانگیر خٹک،عتیق صدیقی اور دیگر نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پشتون قوم کی تہذیب و روایات طویل تاریخ رکھتی ہے،افغان جنگ سے منفی چہرہ دنیا کو دکھایا گیا لیکن ہماری ثقافت ہماری اصل پہچان ہے۔اس موقع پر نیویارک سٹی کے ذیلی شعبے اسمال بزنسز چیف آف اسٹاف حارث خان نے اپنے ڈیپارٹمنٹ کی کاروبار دوست پالیسی پر روشنی ڈالی جبکہ ٹیکسی ڈرائیورز کے حقوق کی تنظیم کے عہدیداران نے اپنی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔تقریب کے اختتام سے قبل موسیقی کی زبردست محفل سجی تو حاضرین جھومنے پر مجبور ہوگئے اور اپنے منفرد و روایتی انداز میں رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مقامی گلوکار نے پشتو گیت سنا کر سماں باندھ دیا۔