ریاض میں رنگارنگ فیشن شو،عالمی گلوکاروں کی شاندار پرفارمنسز
ریاض:سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے رنگا رنگ فیشن شو نے دنیا بھر میں دھوم مچا دی۔ ریاض سیزن کے سالانہ تفریحی فیسٹیول کے دوران ہونے والے اس گرینڈ ایونٹ میں عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں کی پرفارمنسز نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔فیشن شو کے دوران لبنانی ڈیزائنر کے تخلیق کردہ 300 سے زائد دلکش ملبوسات پیش کیے گئے، جنہیں ماڈلز نے ریمپ پر منفرد انداز میں پیش کیا۔ ان ماڈلز کی دلکش واک نے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔اختتامی تقریب میں جینیفر لوپیز، سیلین ڈیون، نینسی اجرم، عمرو دیاب، اور کیملا کابیلو جیسے عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں نے اپنی سریلی آوازوں سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ ان کی پرفارمنسز نے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جنہیں دیکھ کر صارفین نہ صرف فیشن شو کے انتظامات بلکہ گلوکاروں کی شاندار پرفارمنسز کو بھی خوب سراہ رہے ہیں۔