پنجابی ثقافت کی عکاسی،روایتی بھنگڑوں سےانڈین آفیسرز سوسائٹی کی تقریب کو لگے چار چاند
نیویارک(بیورو رپورٹ)این وائے پی ڈی کی انڈین آفیسرز سوسائٹی کے زیر اہتمام ہکس ول کے نجی ہال میں منعقدہ تیسری سالانہ ایوارڈز ڈنر ڈانس کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ہوا۔تقریب کا آغاز امریکی اور بھارتی ترانے سے کیا گیا۔جس کے بعد پولیس کے دستوں نے مختلف پرچموں کے ساتھ سلامی دی اور میوزک بینڈ نے موج مستی کا ماحول بنادیا۔تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران اور ڈیپارٹمنٹ میں ساؤتھ ایشین کمیونٹی سے تعلق رکھنےو الے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ این وائے پی ڈی کے چیپلن یونٹ نے امن و امان اور سلامتی کی دعا کروائی۔سالانہ تقریب میں نیویارک پولیس کی مسلم آفیسرز سوسائٹی میں شامل پاکستانی افسران نے بھی شرکت کی۔تقریب میں انڈین کمیونٹی کی خواتین کے گروپ نے اپنے منفرد انداز میں پنجابی ثقافت کی عکاسی کی اور روایتی بھنگڑوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر تھامس ڈولن اور چیف آف ڈیٹیکٹو جوزف کینی کا کہنا تھا کہ ہم سب نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم بنانا ہے۔انڈین آفیسرز سوسائٹی 2015 میں قائم ہوئی اور 2021 میں ڈیپارٹمنٹ نے اس کی توثیق کی، اس دوران سوسائٹی کے قیام کے مقاصد،اس کی سرگرمیوں اور کاردگی پر مبنی ایک مختصر ڈاکیومنٹری بھی چلائی گئی۔اس موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے فورس انویسٹی گیشن ڈویژن کے ڈپٹی چیف روہن گریفی اور چیف آف پرسنل بیورو میں تعینات ڈپٹی چیف ہوزے فریئز نے بھی حاضرین سے خطاب کیا،ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہم سب کی اولین زمہ داری ہے۔انڈین آفیسرز سوسائٹی نے پولیس کمشنر کے ساتھ ساتھ مین آف دی ایئر،وومن آف دی ایئر،لوٹیننٹ آف دی ایئر،ڈیٹیکٹو آف دی ایئر،اچیومنٹ ایوارڈ،ٹریل بلیزر،ویرتا اور کمیونٹی پارٹنر کے نام سے ایوارڈز تقسیم کیے۔تقریب کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ این وائے پی ڈی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا کو لیڈر شپ ایوارڈ دیا گیا جسے بھرپور پذیرائی ملی۔ایوارڈ وصول کرنے کے بعد انسپکٹر عدیل رانا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیپارٹمنٹ، یہ شہر اور یہ ملک ہم سب کا ہے،سب نہ صرف مل کررہتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے لیے کام بھی کرتے ہیں۔اس موقع پر قونصل ٹو دی پولیس کمشنر جولی تریودی نے اپنے ایوارڈ کو ڈیپارٹمنٹ کے تمام خواتین و مرد افسران کے نام کیا،ساتھ ہی ساتھ پہلے پاکستانی انسپکٹر عدیل رانا کی بھی ستائش کی۔اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے شرکاء کو زبردست انعامات دئیے گئے جس پر انھوں نے والہانہ انداز میں بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔قبل ازیں انڈین آفیسر سوسائٹی کے پریذیڈنٹ منیش شرما اور فرسٹ سینئر وائس پریذیڈنٹ سید حسن نے تقریب کی کامیابی کو اپنی ٹیم کے نام کیا، ان کا کہنا تھا کہ افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈ تقریب سجائی اور اس رویت کو برقرار رکھیں گے۔آخر میں ڈانس پارٹی ہوئی جس میں سب ہی گھل مل گئے اور اس خوبصورت شام کو دوستوں کے ساتھ بھرپور انجوائے کرکے یادگار بنالیا۔