الہان عمر نے حریف ریپبلکن امیدوار کو ہرادیا
امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے انتخابات 2024 کے دوران اپنے حریف و اسرائیل کی حامی ریپبلکن امیدوار کو شکست سے دوچار کردیا ہے۔مینیسوٹا کے پانچویں ضلع کی نمائندگی کرنے والی الہان عمر کے مدمقابل ریپبلکن امیدوار دالیہ العقیدی تھیں جو ایک عراقی نژاد تارک وطن ہیں جو خود کو سیکولر مسلمان کہتی ہیں اور اسرائیل کی حامی ہیں،ان کے برعکس الہان عمر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی شخصیت ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 87 فیصد ووٹوں کی گنتی کے مطابق الہان عمر نے دالیہ العقیدی کے 23.6 فیصد کے مقابلے میں 76.4 فیصد ووٹ حاصل کیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الہان عمر نے چوتھی بار رکن کانگریس بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار راشدہ طلیب بھی مشی گن کی نشست پر کامیاب ہوگئیں، راشدہ طلیب بھی غزہ اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کئی مرتبہ آواز اٹھا چکی ہیں۔