نیویارک(نیوزڈیسک)میئر زوہران ممدانی اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے پولیس کے اسٹریٹجک رسپانس گروپ کو ختم کرنے پر اتفاق کرلیا۔ میئر کا کہنا ہے کہ شہر میں مظاہروں سے نمٹنے کے لیے نیا نظام متعارف کرایا جائے گا، جس میں طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کو ترجیح دی جائے گی۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بڑی انتظامی تبدیلی کا فیصلہ، اسٹریٹجک رسپانس گروپ آئندہ سال موسمِ بہار میں تحلیل کردیا جائے گا۔اسٹریٹجک رسپانس گروپ این وائی پی ڈی کی شہر گیر ریپڈ ڈیپلائمنٹ فورس ہے، جو انسدادِ دہشت گردی، بڑے جرائم اور احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کی ذمہ داریاں انجام دیتی ہے۔تاہم ناقدین طویل عرصے سے اس یونٹ کے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے طریقہ کار پر تنقید کرتے رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ اس کے بعض اقدامات غیر ضروری طور پر سخت اور اشتعال انگیز ہوتے ہیں۔
پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق یونٹ کے تقریباً 500 تربیت یافتہ وردی پوش اہلکاروں کو مختلف شعبوں میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا، جن میں سے متعدد اہلکار کاؤنٹر ٹیررازم بیورو کا حصہ بنیں گے۔میئر زوہران ممدانی کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار میں مظاہروں کے دوران کشیدگی کم کرنے، منتظمین سے بات چیت اور ڈی اسکیلیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اس مقصد کے لیے شہر آئندہ ایک سال کے دوران سویلین اہلکار بھرتی اور تربیت کرے گا، جو مظاہروں سے پہلے اور دوران منتظمین کے ساتھ رابطے میں رہیں گے تاکہ ممکنہ تنازعات کو بروقت حل کیا جاسکے۔دوسری جانب پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے واضح کیا ہے کہ ہجوم پر قابو پانے کی بعض روایتی صورتحال میں پولیس کا ردعمل تبدیل نہیں ہوگا، مثلاً نیویارک نکس کی چیمپئن شپ جیتنے پر ہونے والے جشن کے دوران سیکیورٹی انتظامات پہلے جیسے ہی رہیں گے۔
تاہم پولیس یونینز نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ڈیٹیکٹیو اینڈاؤمنٹ ایسوسی ایشن کے اسکاٹ منرو کا کہنا ہے کہ پولیسنگ میں پیشگی اقدامات انتہائی ضروری ہیں اور اس فیصلے سے شہر پیچھے کی جانب جا رہا ہے۔حکام کے مطابق اسٹریٹجک رسپانس گروپ کی تحلیل کے بعد ایک نیا یونٹ ذمہ داریاں سنبھالے گا، جو پُرامن مظاہروں کو محفوظ بنانے اور ان کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے پر توجہ دے گا۔