امریکن کونسل آف منارٹی وومن نے پانچواں سالانہ ڈے آف ڈگنیٹی منایا
سینکڑوں سفید پوش گھرانوں میں گرم ملبوسات اور تازہ کھانا تقسیم،ڈے آف ڈگنیٹی پر سفید پوش گھرانوں کی خواتین اور بچے مستفید ہونے کے لیے پہنچے۔
نیویارک(بیورو رپورٹ)امریکن کونسل آف منارٹی وومن نے اپنا پانچواں سالانہ ڈے آف ڈگنیٹی منایا۔سینکڑوں کی تعداد میں سفید پوش گھرانوں میں گرم ملبوسات اور تازہ کھانا تقسیم کردیا۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو پر امریکن کونسل آف منارٹی وومن کے زیر اہتمام منعقدہ پانچویں سالانہ ڈے آف ڈگنیٹی کا آغاز احمد لطیف نے تلاوتِ کلامِ پاک کیا اور بعد ازاں نعتِ رسول مقبولﷺ بھی پڑھی گئی۔ڈے آف ڈگنیٹی پر سفید پوش گھرانوں کی خواتین اور بچے مستفید ہونے کے لیے پہنچے،رجسٹریشن کے عمل کے بعد ہیلتھ فرسٹ کے عملے نے خواتین کے بلڈ پریشر اور شوگر سمیت مختلف ٹیسٹ کیےاور مفید مشورے بھی دیے۔

مہمان ِ خصوصی پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور نیویارک سٹی کونسل کی ممبر ریٹا جوزف نے غیر مراعات یافتہ طبقے کی بلا تفریق خدمت پر اے سی ایم ڈبلیو کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔امریکن کونسل آف منارٹی وومن کی چیئر پرسن بازہ روحی کا کہنا ہے کہ نیویارک میں محدود آمدنی اور مہنگائی کی وجہ سے نئے کمبل اور گرم ملبوسات کی خریداری متوسط طبقے کی سکت سے باہر ہوتی جارہی ہے۔اس لیے اپنے اسپانسرز کے ساتھ مل کر بلاتفریق سفید پوش گھرانوں کی مدد کا بیڑا اٹھایا۔اس موقع پرکانگریس وومن ایورٹ کلاک کے آفس سے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر انیتا جبکہ ڈسٹرکٹ اٹارنی ایرک گونزلیز کے عملے نے بھی اپنا اسٹال قائم کیا اور شرکاٗء کی رہنمائی کی،ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بہتری کے لیے کمیونٹی سروسز کا ہونا بہت ضروری ہے۔ڈے آف ڈگنیٹی کے اسپانسرز ہیلتھ فرسٹ اور یونائیٹڈ ہیلتھ کے نمائندوں نے مستبقل میں بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس سماجی سرگرمی کی تیاری اور سامان کی تقسیم کے لیے اے سی ایم ڈبلیو کے والنٹئیرز نے بھرپور حصہ لیا۔تنظیم نے اپنے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی اور ستائش کے لیے ان میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔