vosa.tv
Voice of South Asia!

کینیڈا میں مسلمانوں کا دو روزہ اجتماع،فلسطین کا موضوع غالب

0

ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کے تحت دو روزہ کنونشن منعقد  ہوا، جس میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ اس اجتماع میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کنونشن کا مقصد مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی اور نوجوانوں کو مذہبی و سماجی معاملات میں متحرک کرنا تھا۔کنونشن میں مجموعی طور پر چالیس مختلف سیشن منعقد ہوئے، جن میں امریکہ کے نامور عالم دین ڈاکٹر یاسر قاضی اور اکنا امریکہ کے صدر محسن انصاری سمیت دیگر مقررین نے مختلف موضوعات پر لیکچر دئیے۔

موضوعات میں مذہبی، سماجی، خاندانی اور سیاسی مسائل شامل تھے، جبکہ نوجوان نسل کے لیے مصنوعی ذہانت پر بھی ایک خصوصی پروگرام تشکیل دیا گیا تاکہ جدید ٹیکنالوجی میں ان کی دلچسپی اور سیکھنے کا جذبہ پروان چڑھایا جا سکے۔کنونشن کا خاص موضوع فلسطین رہا، جو عالمی سطح پر مسلمانوں اور انسانیت سے محبت رکھنے والے لوگوں کا اہم ایشو ہے۔ مقررین نے فلسطین میں جاری صورتحال اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔کنونشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو دیکھ کراکنا کینیڈا کے امیر اعجاز طاہر نے اظہارِ مسرت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اجتماع نوجوان نسل کو اپنے دین اور ثقافت سے جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے اور اس طرح کے پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں میں شعور اور بیداری پیدا کی جا سکتی ہے۔اس موقع پر اسلامی بازار بھی لگایا گیا، جہاں اسلامی آرٹ، ملبوسات، زیورات، اور مختلف این جی اوز کے اسٹال شامل تھے۔ فلسطینی رومال اور ٹی شرٹس بازار میں نمایاں تھے جبکہ عرب اور پاکستانی کھانوں کے اسٹالز شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے، خاص طور پر یمنی چائے نے شرکاء کو خاصا محظوظ کیا۔شرکاء نے بھی اس کنویشن کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ انہیں اس اجتماع سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے اور وہ آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامز میں شرکت کریں گے۔ اس دو روزہ اجتماع نے کینیڈا میں موجود مسلمانوں میں اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا اور فلسطین جیسے اہم مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی برادری کو اس سلسلے میں متحرک ہونے کی ترغیب دی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.