پاکستانی کمیونٹی کے سرگرم رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کریں گے،رضوان سعید شیخ
ٹیکساس(نمائندہ خصوصی)امریکہ میں تعنیات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اونچ نیچ کا شکار ضرور رہے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔ بطور سفیر اپنے عہدے کی ذمہ دار یاں سنبھالنے کے بعد پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست ٹیکساس کے اپنے پہلے دورے میں مصروف وقت گزارا، تین روزہ دورے میں انہوں نے ڈیلس ،آسٹن اور ہیوسٹن میں گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ سمیت منتخب اراکین ،کمیونٹی رہنماؤں اور تنظیموں سے ملاقاتیں کیں اور متعدد پروگراموں میں بھی شرکت کی۔ ہیوسٹن آمد پر پاکستانی امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور رکن کانگریس ایل گرین کی جانب سے نئے سفیر رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چودھری سمیت پاکستانی ڈاکٹرز اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ریاست ٹیکساس کے اپنے پہلے دورہ کے موقع پر ہیوسٹن میں ممتاز ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور رکن کانگریس ایل گرین کے جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پروائس آف ساؤتھ ایشیاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اونچ نیچ کا شکار ضرور رہے ہیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کے حوالے سے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ کے سیاسی عمل میں بھرپور شمولیت سے پاک امریکہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیحی پاک امریکہ تعلقات کا استحکام ہے جس کیلے وہ پاکستانی کمیونٹی کے سرگرم رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔