مرحوم فیاض احمد کے ایصال ثواب کے لیے مکی مسجد میں قرآن خوانی اور دعائے مغفرت
نیویارک(نمائندہ خصوصی)نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیت امتیاز احمد کے بڑے بھائی مرحوم فیاض احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے مکی مسجد میں قران خوانی اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔بروکلین کے علاقے کونی آئی لینڈایونیو پر واقع مکی مسجد میں معروف سماجی ورکر امتیاز احمد کے بڑے بھائی مرحوم فیاض احمد کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ دعائے مغفرت کا آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک سے کیا گیا۔قران خوانی میں امتیاز احمد کے نہ صرف دوست احباب بلکہ مختلف شعبہ جات سے وابستہ کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔معروف نعت خواں اصغر چشتی نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔اس موقع پر معروف نعت خواں رانا اخلاق نے بھی نبی کریم کی بارگاہ میں نذرانہ ِ عقیدت پیش کیا۔شرکاء سے خطاب میں پیر سید میر حسین شاہ نے زندگی اور موت کے فلسفے پر روشنی ڈالی ۔ان کا کہنا تھا کہ پروردگار ِعالم نے ساری کائنات اپنے محبوب ﷺ کی محبت میں تخلیق فرمائی، جب تک ہم نبی کریم کی طرف متوجہ ر ہیں گے ،ربِ کائنات ہم پر مہربان رہے گا۔امتیاز احمد کے بھائی فیاض احمد کے بھائی کی روح کی ایصالِ ثواب کے لیے کثیر تعداد میں قران پاک ، قُل اور سورہ فاتحہ پڑھی گئی ۔ پیر میر حسین نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کروائی ۔واضح رہے کہ امتیاز احمد کے بڑے بھائی گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے سبب اسلام آباد میں انتقال کر گئے تھے ۔ آخر میں کمیونٹی نے امتیاز احمد سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی ۔