نیویارک سٹی کی طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تعینات
نیویارک:نیویارک سٹی نے طوفان ہیلین کی تباہ کاریوں کے بعد ہنگامی امداد اور بحالی کے عمل میں تیزی لانے کے لیے شمالی کیرولائنا سمیت متاثرہ ریاستوں میں ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔ نیویارک سٹی کے ریسکیو اہلکار جن میں فائر ڈیپارٹمنٹ آف نیویارک، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ، اور نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے اراکین شامل ہیں، کو طوفان سے متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ نیویارک کی این وائی-ٹاسک فورس 1 ٹیم نے شمالی کیرولائنا کی ایک کاؤنٹی میں تین رہائشیوں اور ان کے پالتو جانوروں کو بچایا ہے۔ٹاسک فورس نے سرچ اور ریسکیو آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں، جو طوفان سے متاثرہ انفراسٹرکچر، شدید سیلاب، اور مٹی کے تودے گرنے سے متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے بھی نیشنل گارڈ کے سپاہیوں، ہیلی کاپٹروں کو جارجیا میں تعینات کیا ہے۔ تاکہ ہیلن کی وجہ سے ہونے والی تباہی کے بعد بحالی کی کوششوں میں مزید مدد فراہم کی جا سکے۔یہ اقدامات شمالی کیرولائنا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد اور بحالی کے عمل میں تیزی لانے کے لیے کیے گئے ہیں، تاکہ وہاں کے متاثرہ افراد کو جلد از جلد ضروری امداد فراہم کی جا سکے۔