امریکا کی 5 ریاستوں میں سمندری طوفان ہیلن نے تباہی مچادی، 90 افرادجان سے گئے
نیویارک:امریکا کی 5 ریاستوں میں سمندری طوفان ہیلن کے باعث تیز ہواؤں اور بارشوں کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات میں 90 افراد جاں بحق ہوگئے۔امریکی ریاست فلوریڈا، جارجیا، ورجینیا، ساؤتھ اورنارتھ کیرولائنا میں طوفان کے باعث کئی سڑکیں اور پل تباہ جبکہ لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔حکام نے مزیداموات کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ تیز ہواؤں اور بارشوں سے پیش آنے والے حادثات میں اب تک 90 افراد جانیں گنوا چکے ہیں۔حکام کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں سیل فون ٹاور گر گئے، مواصلاتی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کا اپنے پیاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ طوفان سے پانچوں ریاستوں میں اب تک ہونے والے نقصان کا تخمینہ 15 سے 100 بلین ڈالرز کے درمیان ہو سکتا ہے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں جبکہ مواصلاتی نظام کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔