کوئنز ڈسٹرکٹ اٹارنی کا اہلکار مبینہ طور پر بم بنانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار
نیویارک(ویب ڈیسک)نیو یارک پولیس نے کوئنز ڈسٹرکٹ اٹارنی کے ایک اہلکار کو مبینہ طور پر بم بنانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا، ملزم کا مقصد تارکین وطن کی پناہ گاہ کو نشانہ بنانا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے گھر میں دستی بم بنانے کی کوشش کی اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری مواد بھی اکٹھا کیا تھا۔اہلکار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، لیکن پولیس اور دیگر ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ کوئنز ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں ملازم تھا اور اسے انسداد دہشت گردی فورس نے حراست میں لے لیا ہے۔ مزید تفتیش کے دوران، اہلکار کے قبضے سے بم بنانے کا مواد اور ہدایات ملی ہیں۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ اہلکار غیر قانونی تارکین وطن کے لیے بنائی گئی پناہ گاہ کو تباہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ ملزم کی ذہنی حالت اور اس کے دہشت گردی سے تعلق کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعے کے بعد نیو یارک شہر کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، خصوصاً پناہ گاہوں کے ارد گرد، تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔کوئنز ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا.