vosa.tv
Voice of South Asia!

اپنا اور اس شہر کے عوام کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہوں، مئیر ایڈمز

0

نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 10 مہینوں میں جو کچھ ہوا، جو افشا کیا گیا، جو تبصرے اور الزامات لگائے گئے،ہمیں اس صورتحال پر کوئی حیرانی نہیں ہے، یہ سب ہمیں پہلے سے معلوم تھا کہ ایسا ہو گا۔دوران پریس کانفرنس میئر ایڈمز نے کہا کہ  نیویارک کے شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمارا مؤقف سننے سے پہلے کوئی فیصلہ نہ کریں۔ ہماری دفاعی کہانی سنیں اور پھر کوئی رائے قائم کریں۔مئیر نے کہا  کہ آپ نے  وہ کہانی سنی جو وفاقی پراسیکیوٹرز  نے پیش کی۔ لیکن میں درخواست کرتا ہوں کہ ہمارے بیانیے کا بھی انتظار کریں۔ اس کے بعد میرے وکیل مقدمے کو سنبھالیں گے تاکہ میں شہر کے معاملات سنبھال سکوں۔ میرے روزمرہ کے فرائض میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ،میں نیویارک کے  83 لاکھ شہریوں کے لیے اپنی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا، اور ہماری حکومت کے 3 لاکھ سے زائد ملازمین اپنے فرائض اسی طرح انجام دیتے رہیں گے جیسا کہ وہ ہمیشہ سے کرتے آئے ہیں۔ یہ ان محنتی عوام کی توہین ہے کہ کوئی یہ سمجھے کہ وہ اپنے فرائض انجام نہیں دیں گے جب کہ مقدمہ پس منظر میں جاری ہے۔ وہ عوامی خدمت گزار ہیں، اور میں بھی ان میں سے ایک ہوں اور ہم سب مل کر اس شہر کو آگے لے کر جائیں گے۔یہ دن افسوسناک ہے، اور یہ ایک تکلیف دہ دن ہے۔ لیکن اس سب کے درمیان، یہ دن وہ ہے جب ہم آخر کار ان حقائق کو بے نقاب کریں گے کہ گزشتہ 10 مہینوں میں میرے ساتھ یہ سب کیوں ہو رہا تھا۔ اور میں اپنے آپ کا اور اس شہر کے عوام کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہوں، جیسے میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ کرتا آیا ہوں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.