vosa.tv
Voice of South Asia!

لانگ آئی لینڈ کے ناساؤ کمیونٹی کالج میں حلال فوڈ فیسٹول کا انعقاد

0

نیویارک(بیورو رپورٹ)نیویارک میں نواں سالانہ حلال فوڈ فیسٹول جہاں ہزاروں مسلمان ایک جگہ اکھٹے ہوگئے۔مزے مزے کے منفرد کھانوں نے فیسٹول کی رونقیں دوبالا کردیں۔دی بیلو پولٹری مارکیٹ اور دی حلال گائیڈ نےمل کر لانگ آئی لینڈ کے  ناساؤ کمیونٹی کالج میں حلال فوڈ فیسٹول سجایا۔منفرد اقسام کے لذیذ اور ذائقہ دار کھانوں کےاسٹالز سجے تو منچلے نوجوان،خواتین،بچے،بوڑھے سب ہی کھنچے چلے آئے۔فیسٹول میں کار ریلی بھی منعقد ہوئی۔شہر بھر سے نوجوان   چمچاتی اور لشکارے مارتی لگژری کاروں میں فیسٹول پہنچے تو یہ گاڑیاں سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔دی حلال گائیڈ کے بانی رضا دستگیر کہتے ہیں کہ نو سال قبل اس حلال فوڈ فیسٹول کی بنیاد رکھی اور اب یہ مقبول ترین فیسٹول بن گیا ہے۔حلال فوڈ فیسٹول میں صرف چٹ پٹے پکوان ہی نہیں بلکہ گرما گرم جلیبی،آئس کریم،چاٹ،گولا  گنڈا اور دیگر  اشیاء نے دیسیوں کو پردیس میں اپنے دیس کی یاد دلادی۔فیسٹول کے اسپانسرز  کا کہنا ہے کہ صرف لوگوں کو نہیں بلکہ انہیں بھی سارا سال اس فیسٹول کا انتظار رہتا ہے۔یہ بہت سارے اسمال بزنس ورکرز کے لیے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ناساؤ کمیونٹی کالج میں منعقدہ حلال فوڈ فیسٹول میں خوبصورت ڈیزائن کے مشرقی ملبوسات، دیدہ زیب جیولری،پنجابی ثقافت کی عکاسی کرتے کھُسے دیکھ کر شرکاء کی خوشی دگنی ہوگئی۔دوپہر سے شروع ہوا حلال فوڈ فیسٹول کی رونقیں رات تک جاری رہیں۔ فیسٹول  کے دیگر اسپانسرز اور منتظمین کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش رہتی ہے کہ مسلم کمیونٹی کو کسی نہ کسی بہانےسے ایک  جگہ اکھٹا کریں۔شہر کے مختلف علاقوں سے  آئے شرکاء نے  فیسٹول کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.