ٹیکساس: ملک میں پہلا انڈر گریجویٹ روبوٹکس پروگرام
ٹیکساس(ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف ٹیکساس نے نئے آنے والے فرسٹ ایئر طلباء کو براہ راست اپنے روبوٹکس پروگرام میں داخلہ دینے کا اعلان کردیا ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس کے مطابق یہ ملک میں پہلا انڈرگریجویٹ روبوٹکس پروگرام ہے، جہاں ہائی اسکول کے طلباء آن لائن درخواست جمع کرواسکتے ہیں۔ پروگرام کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ روبوٹکس کی صنعت بڑھ رہی ہے اور کمپنیاں ایسے ملازمین کی تلاش میں ہیں جو صنعتی اور گھریلو روبوٹکس پر کام کرسکیں۔ لہذا ہم نے اس شاندار پروگرام کا آغاز کیا ہے، تاکہ پروگرام کے گریجویٹس کو صنعت میں کام کرنے کے مواقع ملیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پروگرام ان طلباء کے لیے فائدہ مند ہے جو انجینئرنگ یا کمپیوٹر سائنس کے ساتھ روبوٹکس میں بھی وسیع تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اس پروگرام کو صرف ان طلباء تک محدود نہیں کریں گے جن کے پاس روبوٹکس کا تجربہ ہے۔ بلکہ جو طلباء روبوٹکس کے بارے میں علم حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں بھی داخلہ دیں گے۔