اوورسیز ورکرز کا امیگریشن عمل شفاف بنانے کے لیے ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ
پاکستان کی وزارتِ اوورسیز نے امیگریشن کے عمل کو مانیٹر کرنے، شفاف بنانے اور ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ایک موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کی وزارتِ اوورسیز نے یہ فیصلہ ایک اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے جعلی دستاویزات اَپ لوڈ کرکے 92 نرسوں کو سعودی عرب بھیجنے اور انہیں ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد لیا ہے۔ پاکستان کی وزارتِ اوورسیز نے موبائل ایپ لانچ کرنے کے ساتھ امیگرنٹ مینجمنٹ فریم ورک لاگو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جو حتمی مرحلے میں ہے۔
اس کے علاوہ ورکرز کی امیگریشن کے اخراجات کم کرنے اور پورے عمل کو تیز بنانے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو نئے سرے سے ترتیب دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو کارکردگی کی بنیاد پر لائسنس جاری کرنے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں تمام اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کا پرفارمنس آڈٹ بھی کروایا جائے گا، تاکہ ان کی سکروٹنی کی جا سکے۔