نیویارک سٹی میں شدید گرمی کی وارننگ، احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل
نیویارک:نیشنل ویدر سروس نے نیویارک سٹی کے لئے بدھ 28 اگست کو صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک ہیٹ ایڈوائزری جاری کردی۔ نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ مینٹل ہائیجین نے نیویارک کے شہریوں کو متوقع شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق گرمی کی شدت کا اندازہ 100 ڈگری فارن ہائیٹ سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کے لئے بدھ کے روز کولنگ سینٹرز کھلے ہوں گے، جبکہ ہفتے کے بقیہ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کمشنر زیک اسکل کے مطابق بدھ کے روز شہر بھر میں گرمی کی شدت 100 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچنے کی توقع ہے، اورانہوں نے نیویارک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ گرمی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، انہوں نے شہریوں سے پانی پینے، ہلکے کپڑے پہننے، اور زیادہ محنت والے کاموں سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔شہریوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ گرمی کو شکست دینے کے لئے اپنا ایئر کنڈیشنر چلائیں، کسی ٹھنڈی جگہ کا دورہ کریں، اور دن کے وقت بڑے الیکٹرانک آلات کے استعمال سے گریز کرکے بجلی کے گرڈ کی حفاظت میں مدد کریں۔نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ اینڈ مینٹل ہائیجین نے شہریوں کو تلقین کی ہے کہ وہ خود کو اور ان لوگوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں جو گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔شدید گرمی کے دوران، ڈیپارٹمنٹ آف سوشل سروسز کوڈ ریڈ الرٹ جاری کرتا ہے۔ کوڈ ریڈ کے دوران، بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہ دستیاب ہوتی ہے، جہاں گرمی سے متاثرہ افراد بھی مخصوص کولنگ سینٹرز تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔