نیویارک میں انڈونیشیا کے پرچم کشائی کی تقریب میں مئیر ایڈمز کا خطاب
نیویارک:انڈونیشیا کی 79 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے نیویارک کے بولنگ گرین میں پہلی بار انڈونیشیا کے قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں انڈونیشیا کے قونصل جنرل ونانتو آدی نے کہا کہ یہ تقریب انڈونیشیا کے لیے ایک خصوصی تحفہ ہے، خاص طور پر اس سال جب انڈونیشیا اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک اور جکارتہ دونوں ہی اپنے ممالک کی معاشی اور تخلیقی معیشت کے مراکز ہیں اور دونوں شہروں کے درمیان تعاون سے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مئیر ایرک ایڈمز نے انڈونیشیائی کمیونٹی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مئیر کا کردار نہ صرف عملی ہوتا ہے بلکہ علامتی بھی ہوتا ہے۔مئیر ایڈمز نے نیویارک کی کثیر الثقافتی خصوصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے باشندے مختلف زبانیں بولتے ہیں، جو نیویارک کو جکارتہ سے مشابہہ بناتی ہیں۔ ایرک ایڈمز نے کہا کہ انڈونیشیا کے پرچم کشائی کی یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ نیویارک میں بسنے والی تمام برادریاں اس شہر کا حصہ ہیں اور ان کی خدمات کی قدر کی جاتی ہے۔ تقریب میں انڈونیشیا کے 7,000 سے زائد شہریوں کی موجودگی کو بھی سراہا گیا۔ ایڈمز نے انڈونیشیائی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنے خاندان، ایمان، بچوں کی تعلیم اور عوامی تحفظ پر یقین رکھتے ہیں، اور یہی چیزیں میرے لیے بھی اہم ہیں۔تقریب کا اختتام انڈونیشیا کے قومی پرچم کشائی اور آزادی کے نعروں کے ساتھ ہوا۔