ڈیلس:پاکستان کے77 ویں یومِ آزادی پر پی ایس این ٹی کا سالانہ قائد میلہ
ڈیلس(بیورو رپورٹ)پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام پاکستان کا 77واں جشن آزادی انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔معروف پاکستانی گلوکار فرحان سعید اور رحیم شاہ نے شاندار پرفارمنس کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ریاست ٹیکساس میں پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس نے گذشتہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی قائد میلہ کے نام سے پاکستان کے جشن آزادی کی پروقار تقریب منعقد کرائی۔ جس میں ڈیلس فورٹ ورتھ میٹروپلیکس سمیت دیگر شہروں میں مقیم پاکستانی امریکیوں کی بڑی تعداد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شریک ہوئی جبکہ پاکستان کے ہیوسٹن میں تعینات قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری اپنی اہلیہ کے ساتھ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
معروف پاکستانی گلوکار فرحان سعید اور رحیم شاہ نے شاندار پرفارمنس کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ شرکاء انکی پرفارمنس کے دوران جھومتے رہے اور داد دیتے رہے۔ برطانیہ میں مقیم معروف پاکستانی وی لاگر چاہت علی خان پہلی مرتبہ امریکہ کے اس میلے میں شریک ہوئے اور اپنے روایتی انداز سے حاضرین کو محضوض کیا۔ معروف پاکستانی فلمسٹار مہوش حیات نے بھی قومی ترانہ گا کر شرکاء کا لہو گرمایا۔ گلوکاروں کی پرفارمنس بالخصوص فرحان سعید اور چاہت فتح علی خان نے تو میلہ ہی لوٹ لیا۔قائد میلہ کی سب سے منفرد بات یہ تھی کہ ایک چھت تلے پاکستان کے تمام رنگ سجائے گئے ۔پاکستانی روایتی کھانوں کے اسٹالز، کپڑوں، جیولری اور گفٹ شاپس حاضرین کی توجہ کا مرکز رہے۔بچوں کے لیے پہلی بار فیس پینٹنگ، میجک شو، ویڈیو گیمز اور کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد ہوئیں جسے بچوں نے خوب انجوائے کیا۔ شرکا نے اس کامیاب قائد میلے کے انعقاد پر پی ایس این ٹی کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور انتطامات کی تعریف کی۔اس موقع پر وائس آف ساوتھ ایشیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس این ٹی بورڈ آف ٹرسٹیز ڈاکٹر ریاض حیدر کا کہنا تھا کمیونٹی کو سارا سال اس میلے کا انتظار رہتا ہے،سب کو خوش دیکھ کر ہماری خوشی دگنی ہوجاتی ہے۔قائد میلے میں پاکستان قونصلیٹ جنرل ہیوسٹین کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے قونصلر کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا جہاں ڈیلس اور گردو نواح کے پاکستانی امریکیوں کو قونصل سروسز بھی فراہم کی گئیں جسے یہاں کے لوگوں نے بےحد سراہا۔اس موقع پر پی ایس این ٹی کے سیکرٹری جنرل عابد بیگ نے کہا کہ کمیونٹی کی بھرپور شرکت نے اس میلے کو کامیاب بنایا ہے،سابق صدر و رکن بورڈ آف ٹرسٹی عابد ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی ایس این ٹی کے آرگنائزر اور والنٹئیرز کی محنت رنگ لے آئی اور اہلیانِ ڈیلس نے دل جیت لیا۔قبل ازیں تقریب کے آغاز پر ایک سادہ مگر پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی قونصل جنرل ہیوسٹن محمد آفتاب چوہدری نے خطاب کیا اور کمیونٹی کو حکومت پاکستان کی جانب سے وطن عزیز کے 77ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہت قدر کی نگاح سے دیکھتی ہے اور پاکستان کی ترقی میں ان اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ امریکہ میں رہتے ہوئے پاکستان کی تعیر و ترقی میں اپنے اپنے طور پر ہر ممکن کردار ادا کریں۔ تاہم انہوں نے اس کامیاب قائد میلے کے انعقاد پر پی ایس این ٹی کی پوری ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔