vosa.tv
Voice of South Asia!

شہریوں کی فلاح وبہبود اور حفاظت کے لیے انتھک محنت جاری ہے۔مئیر نیویارک

0

نیویارک:نیویارک سٹی  کے مئیر ایرک ایڈمز نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران شہر کی حفاظت، معیشت اور قابل رہائش ہونے کے موضوعات پر تفصیل سے بات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ کا مقصد عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا، معیشت کو دوبارہ تعمیر کرنا اور شہر کو زیادہ سستا اور قابل رہائش بنانا ہے۔مئیر ایڈمز نے عوامی حفاظت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل پارک کی حفاظت ان کے لئے خاص طور پر اہم ہے کیونکہ یہاں پیش آنے والے واقعات بین الاقوامی توجہ حاصل کرتے ہیں۔ ایڈمز نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ نے شہر میں پچھلے سات ماہ کے دوران جرائم کی شرح کو مسلسل کم کیا ہے، خاص طور پر سب وے سسٹم میں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں چوریوں کی شرح ریکارڈ کم ترین سطح پر ہے اور 17,000 سے زائد غیر قانونی ہتھیار ضبط کیے گئے ہیں۔مئیر ایڈمز نے بتایا کہ شہر کی پولیس نے سینٹرل پارک میں اضافی گشت کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں، جن میں پیدل  گشت، سائیکل گشت، اور گھڑ سوار یونٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، پولیس نے ایک موبائل کمانڈ سینٹر بھی قائم کیا ہے اور ڈرونز کا استعمال شروع کیا ہے۔ انہوں نے ڈرونز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے  کہا کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف پولیس کی حفاظت کو یقینی بناتی ہے بلکہ جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔مئیر ایڈمز نے معیشت کی بحالی پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی کونسل نے بروکلین نارتھ میں ایک منصوبے کی منظوری دی ہے، جس کے تحت 10,000 مستقل ملازمتیں اور 7,000 گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے اس اقدام کو شہر کی ترقی کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اگلا قدم "سٹی آف یس” کا ہے، جس کے تحت پورے شہر میں مزید ہاؤسنگ پراجیکٹس پر کام کیا جائے گا۔مئیر ایڈمز نے "انکم ٹیکس کریڈٹ” کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کریڈٹ کی مدد سے 746,000 سے زائد نیویارکرز کو مالی فائدہ پہنچا ہے اور اب تک $345 ملین سے زائد کی رقم شہریوں کے ہاتھ میں واپس آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم شہر کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔آخر میں، مئیر ایڈمز نے ساؤتھ شور لٹل لیگ کے بچوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور انہیں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.