vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کی بھارتی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت

0

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے بھارت کی 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سےپرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی ،اس  موقع پر میئر ایڈمز نے نیویارک شہر کو امریکہ کا نیا دہلی قرار دیا اور یہاں کے بھارتی نژاد امریکی کمیونٹی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ایڈمز نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا، نیویارک میں بھارت کی ایک بڑی کمیونٹی آباد ہے، اور میں نے بھارت کے اپنے دورے میں گاندھی جی کے آخری قدموں کے نشان دیکھے، جہاں انہیں قتل کیا گیا تھا۔ ہمیں ان کے مشن کو آگے بڑھانے اور انسانیت کو بلند کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک شہر میں پہلی بار بھارتی پرچم ان کے دور میں ہی بلند کیا گیا، جو ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے بھارتی کمیونٹی کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر اور پورے ملک کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ایڈمز نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ میں ایک تاریخی لمحہ آنے والا ہے، جب ممکنہ طور پر پہلی بار ایک بھارتی نژاد خاتون صدر منتخب ہو سکتی ہیں، جو امریکہ کی بے پناہ ممکنات کی علامت ہے۔تقریب میں نائب میئر میرا جوشی نے بھی شرکت کی اور کہا کہ یہ لمحہ نہ صرف قوم بلکہ بھارتی نژاد امریکی کمیونٹی کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک شہر میں بھارت کے سب سے زیادہ نژاد افراد موجود ہیں اور یہ ہمارے لیے خوشی کی بات ہے۔بھارتی قونصل جنرل، بنیا سریکانت پردھان، نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور بھارتی نژاد امریکی کمیونٹی کی کامیابیوں اور امریکہ-بھارت کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن بھارت کی آزادی، امریکہ کے ساتھ دوستی، اور بھارتی نژاد امریکیوں کی کامیابیوں کا جشن منانے کا دن ہے۔تقریب کے اختتام پر بھارتی ثقافتی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے صدر، سیوداسان نائر نے میئر ایڈمز اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.