مولانا طارق مسعود کا مسجد الرشید میں خطاب،دین کا پیغام عام کرنے پر زور
نیویارک:معروف دینی سکالراور سوشل میڈیا پر اپنے منفرد انداز سے شہرت حاصل کرنے والے مفتی طارق مسعود کےخطاب کا مسجد الرشیدمیں کا اہتمام کیا گیا۔دوران خطاب مفتی طارق مسعودنے اپنے مخصوص انداز سے حاضرین کو علم و فکر سے مستفید اور تبلیغ دین کے لئے وقت مختص کرنے پر زور دیا۔مفتی طارق مسعود پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر ہیں، جواپنے منفرد انداز اور دل نشین بیان کے لیے مشہور ہیں، نیو یارک کے علاقے بالڈون میں واقع مسجد الرشیدمیں مفتی طارق مسعود کے پروگرام کا آغاز بعد نماز مغرب ہوا، مفتی طارق مسعود نے اپنے خطاب میں دین اسلام کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ ہمیں اپنے اعمال کو کس طرح بہتر بنانا چاہیے۔ انہوں نے معاشرتی اصلاحات اور اسلامی تعلیمات کی پیروی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور امریکہ میں بسنے والے مسلمانوں کو دین کے احکامات پر عمل کرنے اور معاشرتی زندگی میں اسلامی اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی۔اپنی خوش اخلاقی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مقبول مفتی طارق مسعود نے اپنے خطاب میں بیان کیا کہ کس طرح آج کے دور میں مسلمان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کا مقابلہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے دین کی اہمیت اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔اس موقع پر خواتین کے لیے پردے کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ وہ آرام سے خطاب سن سکیں۔ان کے خطاب کو سننے کے لیے دور دراز سے لوگ آئے تھے، جو ان کی حکمت اور علم کی روشنی سے مستفید ہوئے۔ خطاب کے اختتام پر مسجد الرشید کی انتظامیہ نے مولانا طارق مسعود کا شکریہ ادا کیا۔ مفتی مسعود کے انداز بیاں کے باعث دوران تقریب ماحول خوشگواررہا اور حاضرین نے مولانا طارق مسعود کی گفتگو سے خوب استفادہ کیا۔