vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک:میئر ایڈمز کا مالیاتی کنٹرول بورڈ سے خطاب،شہر کی معاشی حالت کو مضبوط قرار دیا

0

نیویارک:نیویارک سٹی  کے میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک اسٹیٹ فنانشل کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں خطاب کیا اور شہر کی معاشی حالت کو مضبوط قرار دیا۔  اجلاس کی صدارت نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے کی، جنہوں نے شہر اور ریاست کے درمیان شاندار شراکت داری پر میئر کا شکریہ ادا کیا۔میئر ایڈمز نے اپنے خطاب میں شہر کی حالیہ کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیویارک امریکہ کا سب سےبڑامحفوظ  شہر بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی شرح میں مسلسل ساتویں ماہ کمی دیکھی گئی ہے، اور خاص طور پر سب وے سسٹم میں ریکارڈ سطح پر سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ میئر نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ نے 17,600 سے زائد غیر قانونی ہتھیاروں کو ضبط کیا ہے اور گن وائلنس سے نمٹنے کے لئے 500 ملین ڈالر کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ایڈمز نے شہر کی معیشت پر بھی گفتگو کی، جس میں انہوں نے کہا کہ نیویارک میں ملازمتوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور سیاہ فام اور ہسپانوی افراد میں بے روزگاری کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ کے دوران 334,000 ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں، اور شہر میں چھوٹے کاروباروں کی تعداد بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔میئر نے عوامی خدمات کو بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی انتظامیہ نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور عوامی نقل و حمل میں اہم سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر نے 500,000 نئے گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ رہائش کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔آخر میں، ایڈمز نے بتایا کہ شہر کا مالیاتی منصوبہ 2025 سے 2028 تک کے لیے متوازن ہے، اور آئندہ مالیاتی سالوں میں بجٹ کے خلا کو پُر کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے بغیر کسی ٹیکس میں اضافہ کیے یا ملازمین کو فارغ کیے، مالیاتی مشکلات کو کامیابی سے نمٹایا ہے۔میئر نے اپنے خطاب کا اختتام اس یقین دہانی کے ساتھ کیا کہ نیویارک شہر مالیاتی طور پر مضبوط ہے اور وہ مستقبل میں بھی اسی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.