نیویارک میں قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث4ملزمان حوالات منتقل
مین ہٹن سے آف ڈیوٹی کراسنگ گارڈ پکڑا گیا،عصمت دری کے کیس میں گرفتار2 ملزمان کا صحت جرم سے انکار
نیویارک (ویب ڈیسک)نیویارک پولیس نے بروکلین کے پناہ گاہ پر کارروائی کرکے 39سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے مخبر خاص کی اطلاع پر چھاپہ مارا اور ملزم کو گھر سے گرفتار کرلیا۔جب ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا اس وقت ملزم گھر میں آرام کررہا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے گزشتہ جمعرات کو برونکس کے علاقے میں واقع لانڈرومیٹ کے اندر 47سالہ شخص پر حملہ کیا اور اسے چاقو کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہوا تھا، جس کے بعد ملزم فرار ہو گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔پولیس نے قتل کرنے کی وجوہات بیان نہیں کی ہیں۔علاوہ ازیں نیویارک پولیس نے ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث3ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔پولیس نے ملزمان کو منگل کے روز گرفتار کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سینٹرل پارک میں لوگوں سے لوٹ مار میں ملوث تھے ۔ملزمان منگل کو سینٹرل پارک آنے والے افراد کو یرغمال بنایا اور ان سے قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہورہے تھے کہ علاقے میں گشت پر معمور پولیس نے تعاقب کیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔ملزمان کی عمریں 35،21 اور 15 سال کے درمیان ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کے خلاف مقدمات زیر التوا ءہیں۔ دریں اثناء نیویارک کے علاقے مین ہٹن سے کراسنگ گارڈ 54 سالہ نادین ولیمز کو گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم پر ایک بچے کو نقصان پہنچانے والے انداز میں کام کرنے، دھمکی دینے اور مجرمانہ ہتھیار رکھنے کا الزام ہے ۔مزید براں کونی جزیرے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے2ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے اور کہا کہ انہوں نے کسی خاتون سے زیادتی نہیں کی ہے۔