ساؤتھ بروکلین میرین ٹرمینل کو آف شور ونڈ پورٹ میں تبدیل کرنے کا اعلان
نیو یارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز اور گورنر کیتھی ہوکل نے بروکلین میرین ٹرمینل کو شہریوں کے لیےسب سے بڑے آف شور ونڈ پورٹ میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔نیو یارک سٹی ساؤتھ بروکلین میرین ٹرمینل میں ملک کے سب سے بڑے آف شور ونڈ پورٹ کی تعمیرکے لیے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا تھا کہ بروکلین میں ملک کے سب سے بڑا آف شور ونڈ پروجیکٹ 1,000 سے زیادہ یونین ملازمتیں پیدا کرے گا اور شہر کی صاف توانائی کی معیشت میں حصہ ڈالے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد کاربن کے اخراج کو کم کرنا ہے اور شہر کو 2050 تک 100% صاف بجلی کے ہدف کو حاصل کرنا ہے۔ یہ آف شور ونڈ پروجیکٹ 2026 تک نیویارک کو 810 میگا واٹ قابل تجدید توانائی فراہم کریگا۔ ایمپائر ونڈ 1 کی مدد کے لیے SBMT میں تعمیر 2026 کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔گورنر کیتھی ہوکل نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ہماری کمیونٹیز میں خاطر خواہ سرمایہ کاری لائے گا، اچھی تنخواہ والی ملازمتیں پیدا کرے گا اور آف شور ونڈ انڈسٹری کو سپورٹ کرے گا، جو ملک کے باقی حصوں کے لیے ایک مثال قائم کرے گا۔