امریکا کے محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں قائم ٹو کمپنی “وہیکل مینجمنٹ سلوشنز” (VMS) فوجیوں کی گاڑیوں کو غیرقانونی طور پر نیلام اور اسکریپ کرنے کے مقدمے میں 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر ادا کرے گی۔
محکمہ انصاف کے مطابق کمپنی نے امریکی فوج کے تقریباً 93 اہلکاروں کی گاڑیاں عدالتی اجازت کے بغیر فروخت یا تلف کیں، جو “سروس ممبرز سول ریلیف ایکٹ” (SCRA) کی خلاف ورزی ہے۔ اس قانون کے تحت ڈیوٹی یا بیرونِ ملک تعینات فوجیوں کی جائیداد اور گاڑیوں کو خصوصی قانونی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔تحقیقات کا آغاز اُس وقت ہوا جب ایک امریکی فوجی نے شکایت درج کرائی کہ 2024 میں کوسووو میں تعیناتی کے دوران اس کی گاڑی ٹو کر کے نیلام کر دی گئی۔ محکمہ انصاف کے مطابق کمپنی مسلسل ایسے اقدامات کرتی رہی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔معاہدے کے تحت کمپنی متاثرہ فوجیوں کو 2 لاکھ 20 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کرے گی جبکہ 60 ہزار ڈالر جرمانہ امریکی خزانے میں جمع کرائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کمپنی کو اپنی پالیسیوں اور عملے کی تربیت میں بھی تبدیلیاں کرنا ہوں گی تاکہ آئندہ ایسی خلاف ورزی نہ ہو۔امریکی حکام کے مطابق 2011 سے اب تک فوجیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف کارروائیوں کے ذریعے ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد فوجیوں کو مجموعی طور پر 48 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔