نیویارک میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار کیے جانے والے اسٹیڈیم کا افتتاح
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کے لیے نیویارک میں تیار کیے گئے اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا گیا ہے۔اس اسٹیڈیم میں چونتیس ہزار شائقین میچ دیکھ سکیں گے۔ریاست نیویارک کے میں لانگ آئی لینڈ کے علاقے نساوُ کاوُنٹی میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے قائم کیے گئے اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا گیا،اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں ناساؤ کاؤنٹی کےایگزیکیٹیوبروس بلیک مین نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا ٹکٹ حاصل کرنا بھی کسی مقابلے سے کم نہیں ۔شہر کے مختلف مقامات پر بڑی اسکرین لگائی جائیں گی ۔افتتاحی تقریب اور پریس کانفرنس میں ویسٹ انڈیز کے مشہور سابق فاسٹ باولر کرٹلی ایمبروس اور تیز ترین ایتھلیٹ کا اعزاز رکھنے والے یوسین بولٹ اور دیگر کھلاڑی بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ورلڈ کپ کے میچز میں پچز سے متعلق سوال پر آئی سی سی کے نمائندے کا کہنا تھا کہ تمام میچوں میں فاسٹ اور باونسی ٹریکس ہوں گی۔نیو یارک کے کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ امریکا میں پہلی بار میچ ہوگا،جو کنڈیشن سمجھے گا اس کو فائدہ ملے گا۔سنا ہے اس وکٹ پر باؤنس ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم سے اچھی توقعات ہیں، بطور کرکٹر ہم پاک بھارت میچ کو صرف میچ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ساتھ بیٹھتے ہیں کھاتے پیتے ہیں۔اس موقع پر تیز ترین ایتھلیٹ کا اعزاز رکھنے والے یوسین بولٹ کا کہنا تھا کہ کرکٹ لوگوں کے دلوں کو جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے،ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے بہت پر جوش ہوں۔شائقین پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے بے چین ہیں لیکن ٹکٹوں کا حصول ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے ۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز یکم جون سے ہوگا اور پہلی بار امریکا میں کچھ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 29 جون کو کھیلا جائے گا۔