عدیل رانا اور مصباح نور کی ترقی محنت،ایمانداری کا ثمر ہے،عمرشیخ
نیویارک میں پاکستان کے نائب قونصل جنرل عمر شیخ کا کہنا ہے کہ انسپکٹر عدیل رانا اور ڈپٹی انسپکٹر مصباح نور ہماری کمیونٹی کا فخر ہیں اور نوجوانوں کو ان کی تقلید کرنی چاہیے۔ یہ بات انھوں نے نیویارک کے علاقے کوئنز میں واقع این وائے پی ڈی کی پولیس اکیڈمی میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب میں کہی۔افطار ڈنر میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سیاسی،سماجی اور کاروباری شخصیات سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعد ازاں حسبِ روایت امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے پڑھے گئے ۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور نیویارک میں پاکستان کے نائب قو نصل جنرل عمر شیخ کا کہنا تھا کہ عدیل رانا کو انسپکٹر اور مصباح نور کو ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر ترقی ملنا اس بات کی دلیل ہے کہ اگر انسان محنت ایمانداری اور لگن سے کام کرے تو اسے کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔افطار ڈنر میں پاکستانی نژاد امریکی افیسرز اور اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پولیس تمام کمیونٹی کا تعاون چاہتی ہے، جرائم کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،اسی میں ہم سب کی کامیابی ہے ۔افطار ڈنر کے منتظمین نے اپنے تمام مہمانوں سے ان کی آمد پر اظہارِ تشکر کیا۔